صوبوں کی حمایت حاصل نہ ہونے پر10 مئی سے ٹرینیں چلانے کا فیصلہ موخر کیا،شیخ رشید

  صوبوں کی حمایت حاصل نہ ہونے پر10 مئی سے ٹرینیں چلانے کا فیصلہ موخر کیا،شیخ ...

  

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہم 10 مئی سے ٹرینیں سے چلانے کے فیصلے پر تمام صوبوں کی حمایت حاصل نہیں کر سکے۔اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ ہماری یہ خواہش تھی کہ 10 مئی سے ٹرینیں چلا دیں لیکن اس فیصلے پر ہم تمام صوبوں کی حمایت حاصل نہیں کر سکے اور عمران خان نے بطور جمہوری وزیر اعظم مشاورت کے لیے اس فیصلے کو مزید 2 سے 3 دن ملتوی کردیا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ غریب کی سواری ٹرین کو عید سے قبل دوبارہ چلایا جائے اور ہم وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے جو معیاری طریقہ کار میں شامل ہیں اور توقع ہے کہ عید سے قبل عمران خان کی اجازت سے ہم ٹرین چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن 10 مئی سے جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کی تھا۔تاہم ٹرین آپریشن کی بحالی وزیر اعظم عمران خان کی حتمی منظوری سے مشروط تھی۔وزارت ریلوے نے ٹرین آپریشن کی تیاریاں مکمل کرنے کے لیے ریلوے انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کر دی تھیں۔واضح رہے کہ مارچ میں تیزی سے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد وزارت ریلوے نے پہلے متعدد مسافر ٹرینیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔بعد ازاں 24 مارچ کو مسافر ٹرین آپریشن مکمل طور پر معطل کردیا گیا تھا جس میں اب تک کئی بار توسیع ہوچکی ہے۔30 مارچ کو پاکستان ریلوے نے تمام بزنس کلاس اور ایئرکنڈیشنڈ سلیپر کوچز کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے موبائل آئسولیشن وارڈز میں تبدیل کردیا تھا۔

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -