مئی کا مہینہ زیادہ خطرناک، سخت لاک ڈاؤن کیا جانا چاہئے: ناصر حسین شاہ

  مئی کا مہینہ زیادہ خطرناک، سخت لاک ڈاؤن کیا جانا چاہئے: ناصر حسین شاہ

  

کراچی(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، مذہبی امور، جنگلات و وائلڈ لائف سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کے حالات و واقعات اور طبی ماہرین کی رائے کے مطابق مئی کا مہینہ اس وائرس کے پیش نظر بہت زیادہ خطرناک ہے اور اس کے پیش نظر سب ماہرین کا مشورہ یہی ہے کہ مئی کے ماہ میں لاک ڈاؤن کو جاری رہنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بھی لاک ڈاؤن کرنے والے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کو مزید موثر کریں ورنہ یہ وائرس ایسے پھیلے گا کہ اس کا کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں صوبہ بلوچستان میں بھی لاک ڈاؤن میں 19مئی تک توسیع کردی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس سب کے باوجود کسی نے بھی بلوچستان حکومت پر کوئی تنقید نہیں ہوئی نہ ہی کسی وفاقی وزیر نے کوئی بیان دیا لیکن اگر صوبہ سندھ عوام کی جان بچانے کیلئے لاک ڈاؤن کرتا ہے تو ہر طرف سے تنقیدکا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کاروبار دشمن اور غریب لوگوں کا دشمن بنا پر پیش کیا جارہا ہے جبکہ پورے ملک میں یکساں پالیسی نافذالعمل ہے، سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سارے فیصلے وفاقی حکومت اور صوبوں کے مابین اجلاس میں ہوتے ہیں۔

ناصر حسین شاہ

مزید :

صفحہ آخر -