مریضوں سے غفلت برتنے پر وفاقی و صوبائی محکمہ صحت کو نوٹس جاری
کراچی (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے باعث دیگر مریضوں سے غفلت برتنے کے خلاف درخواست پر وفاقی و صوبائی محکمہ صحت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 مئی تک جواب طلب کرلیا۔دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی مریضوں کو داخلے سے قبل کورونا کے ٹیسٹ کے سرٹیفیکٹ مانگے جاتے ہیں، سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو داخل نہیں کیا جاتا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کو ہر قسم کے مریضوں کو فوری طبی امداد دینے کا پابند بنایا جائے۔سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں کی او پی ڈیز بند ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لہذا فوری طور پر او پی ڈیز کھولنے کا حکم بھی دیا جائے۔اس پر عدالت نے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت سمیت نجی اسپتال آغا خان، ڈاو، ضیا الدین، جناح و دیگر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 13 مئی کو جواب طلب کرلیا ہے۔