انگلینڈ کیخلاف سیریز: مصباح الحق نے بنددرواز وں میں کھیلنے کی حمایت کر دی

انگلینڈ کیخلاف سیریز: مصباح الحق نے بنددرواز وں میں کھیلنے کی حمایت کر دی

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچمصباح الحق نے انگلینڈ کیخلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلنے کی حمایت کر دی۔پاکستان کی جولائی کے آخر میں انگلینڈ کے ساتھ 3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز شیڈول ہے،کورونا وائرس کی وجہ سے اس پر بھی غیر یقینی کے سائے موجود ہیں، البتہ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے گھروں میں بند اداس شائقین کیلئے بند دروازوں کے پیچھے ہی سیریز منعقد کرنے کا کہہ دیا ہے۔ویب سائٹ ”کرکٹ پاکستان“ کے مطابق غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ اگرچہ تماشائیوں کے بغیر کھیلنا کسی بھی صورت میں آئیڈیل صورتحال نہیں ہے، وہ کسی بھی کھیل کا بنیادی حصہ ہوتے ہیں لیکن اگر ہم دوسری جانب دیکھیں کہ دنیا بھر میں شائقین لاک ڈاون کی وجہ سے اپنے گھروں میں بند اور کہیں بھی میچز نہیں ہورہے، لوگوں کے پاس کورونا کی خبروں کے علاوہ دیکھنے کو اور کچھ نہیں ہے، اس صورتحال میں اگر ہم کھیل دوبارہ شروع کرتے ہیں تو کم سے کم انھیں ٹی وی پر تو کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آئے گا، اگر ہم مناسب حفاظتی اقدامات کرکے یقینی بناتے ہیں کہ کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا تو پھر یہ سیریز بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہونا چاہیے۔مصباح نے کھلاڑیوں سے کہاکہ وہ گھروں میں اپنی فٹنس کے خود ذمہ دار ہیں،جیسے ہی سرگرمیاں بحال ہوئیں تو ہمارے پاس ایک ساتھ اسکلز اور فٹنس پر کام کرنے کا وقت نہیں ہوگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -