اظہر محمود اور عبدالرزاق کی عمران خان کیساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش

اظہر محمود اور عبدالرزاق کی عمران خان کیساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق آل راؤنڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق نے عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش ظاہر کردی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ ماضی کے عظیم آلراؤنڈر کو دیکھ کر ہی تو انہوں نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا تھا۔عمران خان ان کے پسندیدہ کرکٹر اور ہیرو تھے اور وہ پی سی بی کے اس بہترین موقع کا فائدہ اٹھا کر ان کے ہمراہ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔موجودہ کرکٹرز میں سے ڈریم پیئر کا چناؤ کرتے ہوئے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ وہ بائیں ہاتھ کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ باؤلنگ کرنا چاہتے ہیں،شاہین شاہ آفریدی بہت باصلاحیت کرکٹر ہیں اور وہ انہیں بخوبی جانتے ہیں۔اظہر محمد نے کہا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ رینکنگ میں سرفہرست بلے باز بابراعظم کے ساتھ اپنا ڈریم بیٹنگ پیئر بنانا چاہیں گے، قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی بیٹنگ کے دوران ٹائمنگ لاجواب ہے اور وہ سابق باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ان کی بیشتر اننگز ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھ چکے ہیں۔ آلراؤنڈر عبدالرزاق نے عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کا اس ڈیجٹل مہم کے ذریعے اپنے سابقہ کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ انداز قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران بڑے نامی گرامی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر فخر محسوس کرتے ہیں تاہم ان کا خواب تھا کہ وہ عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کرسکیں۔عبدالرزاق نے کہا وہ چاہتے تھے کہ گراؤنڈ کے ایک اینڈ سے وہ اور دوسرے اینڈ سے عمران خان باؤلنگ کررہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیٹنگ میں جاوید میانداد کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا خواب سجاتے تھے۔ عبدالرزاق نے کہا کہ ماضی کے یہ دو عظیم کرکٹرز پاکستان کے لیجنڈز تھے جن کے ساتھ جوڑی بنانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔پی سی بی نے اس سرگرمی کے ذریعے مداحوں کو مختلف ادوار میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اپنے پسندیدہ بلے بازوں اور باؤلرز کو جوڑیوں کی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -