حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی: غیر معیاری اچار اور پلاسٹک کی بوتلیں بنانے والے یونٹ سیل

حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی: غیر معیاری اچار اور پلاسٹک کی بوتلیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سربراہی میں جعل ساز مافیا کے خلاف لاہور میں گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حسن ٹاؤن بارہ دری کے علاقے میں انتہائی ناقص سٹوریج، ناقص پلاسٹک کے استعمال پر اچار یونٹ اور جعلی بوتل پروڈکشن یونٹ کو سیل کردیا۔کارروائیوں کے دوران 26 ہزار 630کلو ناقص مال تلف جبکہ یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کرودا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گلے سڑے پھلوں اورسبزیوں کو کیمیکلز لگا کر اچار تیار کیا جا رہا تھا۔ ناقص نیلے ڈرموں میں محفوظ کیے گئے اچار میں فنگس،مرے مچھر اور مکھیوں کی بھاری مقدار پائی گئی۔علاوہ ازیں معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے پر شیخوپورہ میں لطیف پلاسٹک بوتل پروڈکشن یونٹ سربمہرکیا گیا۔چیکنگ کے دوران ناقص پلاسٹک سے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیا ر کر نے پرکارروائی کی گئی۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 13 ہزار 500جعلی بوتلیں،5 ہزار 850 فنگس لگے کلو آم،5ہزار 720کلو گاجر، 910 کلو مرچ اور 650کلو سیب تلف کردیے اور کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔


مزید برآں 13ہزار 500جعلی بوتلیں،3بلومولڈنگ مشینیں اورمولڈنگ ڈائزضبط کر لی گئیں۔ عرفان میمن کا مزید کہناتھا کہ جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیاہے۔اشیائے خورونوش کی تیاری سے ترسیل تک کسی بھی مرحلے پرمعیار میں کمی بالکل برداشت نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے واضح کیاکہ خوراک کے کاروبار میں دھوکا دہی کرنے والوں کوپنجاب میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔