امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ 10مئی سے شروع ہو گا

امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ 10مئی سے شروع ہو گا

  

اسلام آباد (این این آئی)حکومت پاکستان نے امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے تعاون سے واشنگٹن سے اسلام آباد اور کراچی کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان کردیا۔واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے جاری بیان کے مطابق ابتدائی طور پر 2 پروازیں واشنگٹن سے 10 مئی کو اسلام آباد اور 13 مئی کو کراچی کے لیے اڑان بھرے گی۔اس کے علاوہ ایک اور پرواز نیو جرسی کے نیورک ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جس کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 30 اپریل کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن سے جاری مراسلے کے مطابق اجازت کا اطلاق 29 اپریل 2020 سے 29 اپریل 2021 تک رہے گا اس دوران پی آئی اے ایک درجن 2 طرفہ یا یکطرفہ مسافر اور مال بردار پروازیں چلا سکتی ہے۔یہ خصوصی اجازت پاکستان کی جانب سے امریکا میں کورونا وائرس وبا کے باعث پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت مانگنے پر دی گئی۔سفارتخانے کے مطابق حکومت پاکستان امریکا سے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے مزید 3 پروازیں چلائے گی جن کی تاریخ شہروں اور منزل کا اعلان وقت کے ساتھ کیا جائے گا۔اس سلسلے میں جن افراد نے واپسی کے لیے سفارتخانے اور قونصل خانوں میں اپنا اندراج کروا رکھا ہے انہیں خصوصی پراوز میں بھجوانے کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔

واپسی پروازیں 

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -