”یہ سب بکواس ہے، میں خود بھی اس سیریز کا حصہ تھا“ سعید اجمل نے رانا نوید الحسن کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کیا کچھ کہا؟

”یہ سب بکواس ہے، میں خود بھی اس سیریز کا حصہ تھا“ سعید اجمل نے رانا نوید ...
”یہ سب بکواس ہے، میں خود بھی اس سیریز کا حصہ تھا“ سعید اجمل نے رانا نوید الحسن کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کیا کچھ کہا؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آف سپنر سعید اجمل نے سابق فاسٹ باﺅلر رانا نوید الحسن کے الزامات کو غلط قرار دیدیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے 2009ءمیں نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دو میچز میں جان بوجھ کر خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق رانا نوید الحسن نے دعویٰ کیا تھا کہ یونس خان اس وقت ٹیم کے کپتان تھے جنہیں ہٹانے کیلئے قومی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر ناقص کارکردگی دکھائی تھی تاہم سعید اجمل نے اپنے ایک انٹرویو میں ان کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ میں خود اس سیریز کا حصہ تھا اور کھلاڑیوں نے جیت کیلئے پوری جان لگائی تھی۔

سعید اجمل نے کہا ” میں بڑے اعتماد کیساتھ یہ کہہ سکتا ہوں کہ کوئی بھی کھلاڑی ایسے کسی معاملے میں ملوث نہیں تھا جس سے میچ میں شکست ہو تاکہ یونس خان کو کپتانی سے ہٹایا جا سکے۔ میں خود بھی وہ میچز کھیلا اور میں جانتا ہوں کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا اور تمام کھلاڑیوں نے جیت کیلئے جان لگائی۔“

ان کا کہنا تھا ”مجھے نہیں معلوم کہ رانا نوید الحسن نے یہ تاثر کیوں لیا کہ یونس خان کیخلاف کوئی سازش ہو رہی ہے۔ وہ ایک جارح مزاج کپتان تھے اور اس سے قبل دورہ جنوبی افریقہ کے بعد ہم نے پی سی بی سے شکایت کی تھی کہ یونس خان کو اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بہتر رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی جائے۔ لیکن ایسا تو بالکل نہیں ہوا کہ یونس خان کو کپتانی سے ہٹانے کیلئے جان بوجھ کر میچ ہارے ہوں، یونس خان بہت اچھے آدمی ہیں جنہوں نے پاکستان کیلئے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی، میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں اور اس بات پر یقین بھی رکھتا ہوں کہ کسی بھی طرح انہیں بطور کپتان نیچا دکھانے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا۔“

مزید :

کھیل -