قومی کھلاڑیوں کو کریز پر مزاحمت اور کارکردگی میں تسلسل لانے کے علاوہ اور کیا سیکھنا چاہئے؟ یونس خان نے زبردست مشورہ دیدیا

قومی کھلاڑیوں کو کریز پر مزاحمت اور کارکردگی میں تسلسل لانے کے علاوہ اور کیا ...
قومی کھلاڑیوں کو کریز پر مزاحمت اور کارکردگی میں تسلسل لانے کے علاوہ اور کیا سیکھنا چاہئے؟ یونس خان نے زبردست مشورہ دیدیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز یونس خان نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کریز پر مزاحمت اور کارکردگی میں تسلسل لانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط کردار اور قربانی کا جذبہ پیدا کرنا بھی سیکھیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے منعقدہ آن لائن سیشنز میں سابق کھلاڑیوں کا موجودہ کرکٹرز کو آن لائن لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری ہے اور یونس خان سے پہلے ماضی کے عظیم کرکٹرز جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد، محمد یوسف اور شعیب اختربھی قومی کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دے چکے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سابق کرکٹر یونس خان نے کہا کہ نمایاں بلے بازی کیلئے کارکردگی میں تسلسل لانا ضروری ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور ایمرجنگ بلے بازوں کو کریز پر مزاحمت کرنے کا جذبہ پیداکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کھلاڑیوں سے ایک اچھے بیٹسمین کیساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بہتری لانے پر زور دیا اور کہا کہ فیلڈنگ میں بہتری کھلاڑی کی انفرادی محنت پر منحصر ہوتی ہے۔

یونس خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں کو مضبوط کردار اور قربانی کا جذبہ پیدا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے ٹوٹی ہڈیوں سے بھی پاکستان کی نمائندگی کی، بڑا کرکٹر بننے کیلئے زندگی میں خود کو چیلنج کرنا سیکھیں، جب آپ خود سے سوال کریں گے تو بہتری کی جانب بڑھیں گے۔

آن لائن لیکچر میں سابق کپتان نے کہا کہ دیانتداری اور جامع منصوبہ بندی ایک عام کھلاڑی کو لیجنڈری کرکٹر میں تبدیل کردیتی ہے، عمران خان کی مثال دیتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اپنی زندگی میں ان کی دیانتداری اور منصوبہ بندی نے انہیں وزیراعظم کے منصب تک پہنچا دیا ہے۔

واضح رہے یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچوں میں 10099 رنزبنائے، طویل طرز کی کرکٹ میں 52.5 کی اوسط سے رنز بنانے والے یونس خان کے کیرئیر میں 34 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سابق کرکٹر نے ایک روزہ اور ٹی 20 کرکٹ میں بالترتیب 7249 اور442 رنز بنائے۔

مزید :

کھیل -