وکٹ کے حصول پر ایک ساتھ جشن منانا ’جرم‘، ایک دوسرے کو چھونا کی بھی سختی سے ممانعت، آسٹریلیا میں بحالی کرکٹ کیلئے کیا شرائط تیار کی جا رہی ہیں؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

وکٹ کے حصول پر ایک ساتھ جشن منانا ’جرم‘، ایک دوسرے کو چھونا کی بھی سختی سے ...
وکٹ کے حصول پر ایک ساتھ جشن منانا ’جرم‘، ایک دوسرے کو چھونا کی بھی سختی سے ممانعت، آسٹریلیا میں بحالی کرکٹ کیلئے کیا شرائط تیار کی جا رہی ہیں؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے کورونا وائرس ے معطل کھیلوں کی بحالی کیلئے اقدامات پر سوچ بچار شروع کر دیا ہے جس میں خاص طورپر سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا اور وکٹ کے حصول پر ایک ساتھ جشن منانا ’جرم‘ ہوگا، کھیل دوبارہ شروع ہوئے تو ’ہائی فائیو‘ بالوں کو بکھیرنا یا دوسرے کھلاڑی کو کسی بھی انداز میں چھونا سختی سے منع ہوگا، ملکی سرحدیں اگر بند رہیں تو چارٹرطیاروں پر غیرملکی ٹیموں کو لایا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے بھی کورونا وائرس سے معطل کھیلوں کی بحالی کیلئے مختلف اقدامات پر سوچ بچار شروع کردی ہے، جس میں خاص طور پر ٹریننگ کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے بورڈ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جان آرچرڈ اس وقت مختلف سب کمیٹیز میں شامل اور کھیل کی واپسی کے حوالے سے حکومت سے بات چیت میں مصروف ہیں اور کرکٹ آسٹریلیا کھیل کی جلد از جلد بحالی کیلئے ہر قسم کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہا ہے،وائرس کی دوسری لہر کی صورت میں ملکی سرحدیں بدستور بند ہونے کی صورت میں غیرملکی ٹیموں کیلئے چارٹر فلائٹس کا انتظام کرنا بھی اس میں شامل ہے لیکن فی الحال آسٹریلیا کی گورننگ باڈی کیلئے پہلا ٹاسک رواں ماہ کے آخر میں ٹریننگ کے آغاز سے متعلق پروٹوکول کی تیاری ہے۔

ذرائع کے مطابق گیند کو چمکانے کیلئے تھوک اور پسینے کے استعمال پر پہلے ہی پابندی کا اعلان کیا جا چکا ہے لیکن اب دوران میچ روایتی انداز میں خوشیاں منانے پر بھی پابندی ہوگی،سی اے سپورٹس میڈیسن کے سربراہ ایلکس کونٹوریس نے کہاکہ نیٹ پریکٹس کے دوران تو ویسے ہی سماجی فاصلہ ہوتا ہے۔ ایک وقت میں ایک باﺅلر سامنے آتا ہے جو بیٹسمین 22 گزکی دوری پر ہوتا ہے اس لئے یہ کوئی مسئلہ نہیں لیکن باقی چیزوں کو بھی سنبھالنا ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب صرف یہ ہوگا کہ وکٹ کے حصول پر کھلاڑی ایک ساتھ جمع ہوکر خوشیاں نہیں منائیں گے، کوئی ہائی فائیو نہیں ہوگا،کسی کے بالوں کو بکھیرا جائے گا نہ ہی کسی کے جسم کو کوئی چھوئے گا، جب تک کوروناوائرس کی ویکسین تیار نہیں ہوجاتی کھلاڑیوں کو خوشیاں منانے کیلئے کوئی اور طریقہ تلاش کرنا ہوگا۔

مزید :

کھیل -