وہ ملک جہاں حکومت کا تختہ اُلٹنے کی کوشش میں 2 امریکی فوجی گرفتار کر لیے گئے، تہلکہ خیز خبر آگئی
کراکس(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا میں فوجی بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور دو امریکی فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق گرفتار ہونے والے امریکی فوجیوں میں 41سالہ ایئران بیری اور 34سالہ لوک ڈنمین شامل ہیں جن پر الزام ہے کہ انہوں نے وینزویلا کی فوج کو بغاوت پر اکسایا اور عملاً اس میں حصہ لیا۔ اس بغاوت میں وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں امریکی فوجیوں سے تفتیش کی دو ویڈیوز وینزویلا کے قومی ٹی وی پر نشر کی گئی ہیں جن میں ایک فوجی اعتراف کرتا ہے کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے وینزویلا میں فوجی بغاوت کرانے اور صدر نکولس کا تختہ الٹنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم اس ویڈیو میں دونوں فوجی کچھ ایسے سگنلز دیتے ہیں کہ جنہیں دیکھ کر ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ایک سابق نیوی افسر نے بتایا کہ ایئران بیری نے ویڈیو میں جس طرح کی حرکات کیں، ان کے ذریعے اس نے ایک خفیہ پیغام دیا ہے۔ یہ حرکات پہلے گرفتار ہونے والے کئی امریکی فوجی بھی کر چکے ہیں، وہ کیمرے میں دیکھتے ہیں اور پھر تیزی کے ساتھ منہ اوپر کی طرف اٹھا لیتے ہیں اور سکرین سے نظریں پھیر لیتے ہیں۔ اس دوران وہ سر کو مخصوص حرکت دیتے ہیں۔ چنانچہ میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوںکہ ان حرکات میں امریکی فوجی قیادت کے لیے کوئی خفیہ پیغام ہوتا ہے۔