چیئرمین این ایچ اے کا ہنزہ میں پل گرنے کے مقام کا دورہ، ایک ہفتے میں نئے پل کی تنصیب کا حکم
گلگت (ویب ڈیسک) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ہنزہ میں پل کی تنصیب کا عمل 1 ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین این ایچ اے نے انجینئرز کے ہمراہ متاثرہ پل کا دورہ کیا جبکہ چیئرمین این ایچ اے نے چیف سیکریٹری و ایف ڈبلیو او حکام کے ساتھ بحالی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔
"ایکسپریس نیوز "کے مطابق این ایچ اے کے چیئرمین نے کہا ہے کہ معلق پل پر جلد اسٹیل بیلے پل نصب کیا جائے گا اور عارضی پل کے ساتھ مستقل پل کی تعمیر کا عمل بھی ساتھ شروع کیا جائے گا، پل کی تعمیر میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔اس سے قبل، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے علی الصبح ہنزہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دوبارہ دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
چیف سیکرٹری نے منہدم پل کی بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی جبکہ متاثرہ علاقے میں پانی، بجلی، انٹرنیٹ و فون سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر احکامات جاری کر دئیے۔وادی ہنزہ میں شسپر گلیشر پر بنی جھیل کے پھٹنے سے علاقے میں تباہی مچ گئی، نقصانات کا جائزہ لینے و متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے چیف سیکریٹری محی الدین وانی گزشتہ رات بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے ہنزہ پہنچے تھے۔
چیف سیکریٹری نے بجلی کی فراہمی کے لیے 2 میگا واٹ جنریٹر کی فراہمی اور پانی و ایریگیشن چینل کی فراہمی سے متعلق موقع پر ہی ایڈمن منظوری دے دی جبکہ متاثرہ علاقے میں زمین کا تخمینہ و انٹرنیٹ و فون سروس کی بحالی کے لیے بھی احکامات جاری کر دئیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یہ ایک بدقسمت واقعہ پیش آیا جس نے سرکاری و نجی املاک و باغات کو نقصان پہنچایا ہے، حکومت تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، متاثرہ علاقے میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔چیف سیکریٹری نے متاثرین و ضلعی انتظامیہ کو مکمل مالی و انتظامی تعاون کی یقین کروا دی ہے۔