گورنر بلوچستان نے 9مئی کو اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا

May 08, 2024 | 05:37 PM

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )گورنر بلوچستان نے کل 9مئی کے موقع پر بلوچستان اسمبلی کا اجلاس صبح 11 بجے طلب کر لیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 109(اے) کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 9 مئی بروز جمعرات کو صبح 11 بجے صوبائی اسمبلی ہال میں طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 9مئی کے پیش نظر کل پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ان اجلاسوں کے دوران گزشتہ سال 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے مذمتی قررادادیں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاو¿س بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی میں 1900 مشتعل مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے تھے۔

مزیدخبریں