نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دھرم شالہ کے اسٹیڈیم میں اچانک بلیک آؤٹ کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دہلی کیپیٹلز کے شریئس ایر، پریانش آریہ کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے۔ دسویں اوور کی پہلی گیند کے فوراً بعد ایک فلڈ لائٹ بند ہوئی، جس کے بعد مزید دو لائٹس بھی بند ہو گئیں۔اس غیر معمولی صورتحال کے باعث امپائرز اور کھلاڑی فوری طور پر میدان سے باہر چلے گئے۔ اس وقت پنجاب کنگز کا اسکور 122 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر تھا۔ پربھ سمراں سنگھ 28 گیندوں پر 50 رنز اور پریانش آریہ 34 گیندوں پر 70 رنز بنا چکے تھے، جنہیں ٹی نٹراجن نے آؤٹ کیا۔
ابتدائی طور پر اس بلیک آؤٹ کو فلڈلائٹس کی فنی خرابی قرار دیا گیا، لیکن بعد ازاں رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ یہ صورتحال سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ قریبی علاقوں میں فضائی حملے کے انتباہ کے بعد شہر میں بلیک آؤٹ کیا گیا۔اسٹیڈیم میں موجود آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین ارون دھومل کو بھی تماشائیوں سے اسٹیڈیم خالی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کیمرے پر دیکھا گیا۔ اگرچہ اب تک میچ کی منسوخی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم Cricbuzz اور ESPNcricinfo نے تصدیق کی ہے کہ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
دھرم شالہ جیسے پُرامن مقام میں اس طرح کی صورتحال نے تماشائیوں اور کھلاڑیوں کو حیران اور پریشان کر دیا، اور اب آئی پی ایل کے منتظمین اس واقعے پر بریفنگ کے منتظر ہیں۔