گیس کے نرخوں میں متوقع اضافہ!

گیس کے نرخوں میں متوقع اضافہ!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ابھی پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچانے کی بات ہو رہی ہے۔عوام منتظر ہیں کہ ثمرات ان تک پہنچیں کہ وفاقی وزیر پٹرولیم نے گیس بم چلانے کا مژدہ سنا دیا ہے،اس سے پہلے وہ15نومبر سے15فروری تک تین ماہ کے لئے سی این جی اور صنعتوں کے لئے گیس کی بندش کی نوید سنا چکے ہیں۔ اب انہوں نے فرمایا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ رپورٹ کرنے والے صحافی کی خبر کے مطابق اس مرتبہ جو اضافہ ہو گا اس سے گھریلو صارفین کے بل میں 250روپے ماہوار کا اضافہ ہو جائے گا اور یہ سب سوئی ناردرن گیس کی نااہلی کی وجہ سے ہے کہ اس زون میں گیس چوری بہت بڑھ گئی ہے۔جہاں تک گیس کے نرخوں میں اضافے کا تعلق ہے تو یہ سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو بڑھائے جاتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ گیس پر سبسڈی دی جاتی ہے، جو بتدریج کم کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے کو شروع ہوئے کئی سال ہو چکے ہیں اور یہ اضافہ بلا کسی اطلاع کے کر دیا جاتا ہے۔ جنوری اور جولائی کے بعد کے بلوں میں ہوتا ہے غیر محسوس طریقے سے ہونے والا یہ اضافہ عوام سمجھ نہیں پاتے کہ گیس کے یونٹوں کا طریقہ مختلف ہے۔ تاہم اب جو بات وزیر موصوف نے کہی وہ زیادہ خطرناک ہے۔ان کے مطابق سمری وزیراعظم کو ارسال کی جا چکی ہے۔ تاحال یہ زیر التوا ہے، وزیراعظم نے اسے رد نہیں کیا، اِسی سے وزیر موصوف نے اندازہ لگایا ہے کہ قیمتیں بڑھانا ہوں گی، وزیراعظم کو صورت حال کا نوٹس لینا چاہئے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات سستا کرنے کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔

مزید :

اداریہ -