لاہور سٹاک ایکسچینج کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کےلئے سیشن کا انعقاد

لاہور سٹاک ایکسچینج کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کےلئے سیشن کا ...

لاہور(کامر س رپورٹر) لاہور سٹاک ایکسچینج نے ساﺅتھ ایشن فیڈریشن آف ایکس چینجز (سیف) کے اشتراک سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں طلباﺅ طالبات کے لئے کیمپس آﺅٹ ریچ پروگرام کا پہلا اور دوسرا سیشن منعقد کیا۔ اس موقع پر لاہور سٹاک ایکسچینج کے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی مس گیتی بھٹی نے پاکستان کی معیشت اور فنانشل سسٹم۔ فنانشل مارکیٹ اور اس کے متعلقہ قوانین۔ انوسٹمنٹ پروڈکٹس۔ فنانشل سروسز اور پاکستان میں دستیاب انوسٹمنٹ کی سہولیات کے بارے میں آگاہی دی۔ انھوں نے متعلقہ فنانشل سروسز مہیا کرنے والے اداروں کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ انھوں نے سٹاک ایکسچینج کے روز مرہ کے معاملات پر بھی روشنی ڈالی۔ جس میں کمپنیوں کی لسٹنگ۔ حصص کی خریدوفروخت اور انتظامی امور۔ سٹاک ایکسچینج کی حساسیت اور انوسٹرز کا تحفظ شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ فنانشل منصوبہ بندی کا آغاز بچپن سے ہو جاتا ہے۔ اس لئے نوجوانوں میں بچت کی عادت پیدا کرنے اور ذمہ دارانہ فنانشل رویہ اختیار کرنے کے لئے بچت کی عادت کو فروغ دینا نہ صرف ضروری ہے بلکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 پاکستان کی آبادی کے فنانشل لٹریٹ ہونے سے حاصل ہونے والے بے تحاشہ معاشی فوائد کو مد نظر رکھتے ہوئے۔ یہ پروگرام ملک کے نوجوانوں کی فنانشل لٹریسی کی اہلیت بڑہانے کی بنیاد بنے گا۔ جو کہ پاکستان کے معاشی سسٹم کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔ سیشن کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں ایل ایس ای کے میڈیا اینڈ پبلک ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ برکت علی انجم نے طلباﺅ طالبات کے سوالات کے تفصیلا جوابات بھی دیئے ۔

مزید : کامرس