عبدالعلیم کیخلاف مقدمہ سازش کے تحت درج کروایا گیا، شعیب صدیقی، جمشید اقبال
لاہور (جنرل رپورٹر)تحریک انصاف ضلع لاہور کے سینئیر نائب صدور شعیب صدیقی، جمشید اقبال چیمہ، میاں حامد معراج، میاں محمد افتخار،ٹاؤن صدور جمشید امام بٹ، مہر واجد عظیم، میاں جاوید علی، یامین ٹیپو، فواد رسول بھلر،سید راشد ریاض، نذیر چوہان، نصر اللہ مغل، فرخ جاوید مون، شیخ عامر ،نوشیل بدر ، انیس احمد ہاشمی جنرل سیکرٹری آئی ایل ایف پنجاب اور آئی ایس ایف کے عہدیداران منیب اعوان اور گلریز اقبال نے گذشتہ روز کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور پارٹی کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب پی ٹی آئی کو ملک بھر سے ملنے والی پذیرائی بالخصوص لاہور شہر میں سرگرم پارٹی سرگرمیوں سے پریشان عناصر کی کاروائی ہے جس کا اصل حقائق سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے۔ ان رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ گذشتہ روز پارٹی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی بھی لاہور میں تھے جن کے ساتھ پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کی بھی سارا دن مصروفیت رہی اور کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیالیکن بعض افراد نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پی ٹی آئی لاہور کے اجلاس کے باہر ہنگامہ آرائی کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے ہمیشہ تمام شعبہ جات کو منظم کیا اور بالخصوص یوتھ اور آئی ایس ایف کی ہمیشہ سرپرستی کی ہے ان پر ایسے بے بنیاد الزامات کا قطعی طور پر حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اوراس ساری مہم کا مقصد ان کی پارٹی کے لیے خدمات کو نقصان پہنچانے اور بعض عناصر کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔پی ٹی آئی ضلعی عہدیداران نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو اس کے ازالے اوراس پر بات چیت کے لیے پارٹی فورم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت میں متحد اور پارٹی ورکنگ کے لیے سرگرم ہیں اور کسی بھی قسم کی شرارت یا سازش کی مکمل حوصلہ شکنی کرینگے۔