علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 137ویں یوم ولادت پر ایوان کارکنان میں تقریب
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) حکیم الامت، شاعرمشرق، مفکر پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 137ویں یوم ولادت کے موقع پر کل ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ جناب محمد رفیق تارڑ کریں گے جبکہ مہمان خاص سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث شاہ ہوں گے ۔دیگر مقررین میں جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال‘سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف پیر سید محمدکبیر علی شاہ‘ مدیر اعلیٰ روزنامہ صحافت خوشنود علی خان ‘دختر پاکستان بیگم بشریٰ رحمن‘ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت سعید آسی و دیگر شامل تھے
‘خانوادہ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی‘کالم نگار دانشور ڈاکٹر اجمل نیازی‘ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری‘ علامہ محمد اقبالؒ کے پوتے ولید اقبال ایڈووکیٹ اورصدر نظریۂ پاکستان فورم برطانیہ ملک غلام ربانی اعوان شامل ہیں۔ نیز ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد خیر مقدمی کلمات ادا کریں گے۔ تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔