جنرل ہسپتال میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا
لاہور( جنرل رپورٹر) محکمہ صحت حکومت پنجاب نے لاہور جنرل ہسپتال میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ سکول میں اسی سال یکم دسمبر سے کلاسز کا آغاز ہوجائے گا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اس بارے میں بتایا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول ایل جی ایچ میں پبلک ہیلتھ ٹیکنالوجی، آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی، میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی، ریڈیوگرافی اینڈ امیجنگ ٹیکنالوجی کے ڈپلومہ کورسز کرائے جائیں گے جن کی مدت 2سال ہوگی۔ اس سکول کا پنجاب فیکلٹی سے الحاق ہوگا جبکہ مستقبل میں اس سکول میں فزیوتھراپی کا ڈپلومہ کورس بھی متعارف کروایا جائے گا۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ کے مطابق الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول کے پہلے سیشن میں داخلے کے لیے درخواستیں 10نومبر تک وصول کی جائیں گی۔ داخلہ حکومتی پالیسی کے مطابق میرٹ پر ہوگا۔ واضح رہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز ٹیکنیشن اور ڈسپنسر کورس پہلے سے کرائے جارہے ہیں۔