قصور میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کی شدیدمذمت کرتے ہیں، سید وسیم اختر

قصور میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کی شدیدمذمت کرتے ہیں، سید وسیم اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کوٹ رادھاکشن ضلع قصور میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے واقعہ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجا ب اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے۔المیہ یہ ہے کہ پنجاب میں قتل وغارت کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں اور کوئی پوچھنے والاہی نہیں ہے؟حکومت پنجاب کی یہ بنیادی اور اولین ذمہ داری ہے کہ عوام کو امن اور تحفظ فراہم کرے۔انہوں نے کہاکہ اس افسوس ناک واقعہ کے حقائق عوام کے سامنے لائے جانے چاہئیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کاسدباب ہوسکے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ کسی بے گناہ انسان کی جان پوری انسانیت کا قتل ہے۔جماعت اسلامی اس واقعہ کی پرزور مذمت کرتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اگر کوٹ رادھاکشن میں مقتول جوڑے کو ذاتی انتقام کانشانہ بنایاگیا ہے تو اس میں ملوث افراد کوعبرت کانشانہ بنایاجاناچاہئے۔
لیکن اگر اس کے عوامل کچھ اور ہیں تو اس کو بھی منظر عام پر لایاجاناچاہئے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی بیخ کنی کی جاسکے۔