خیبرپختونخواسے بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،عمران خان

خیبرپختونخواسے بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،عمران خان

سلام آباد(اے این این)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں قدرتی وسائل لوٹنے والے ٹمبر مافیا کے خلاف صوبائی حکومت کی کامیاب کارروائی پر وزیراعلی پرویز خٹک اور ان کی حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخواہ سے بدعنوانی اور قومی وسائل کی چوری ختم کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم اور متحرک ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں قومی وسائل لوٹنے والے ٹمبر مافیا کے خلاف صوبائی حکومت کی کارروائی انتہائی تحسین کی مستحق ہے۔ ان کا کہنا ہے ٹمبر مافیا کے خلاف صوبائی حکومت نے چوری شدہ یا غیر قانونی طور پر کاٹی گئی 0.122ملین سی ایف ٹی لکڑی قبضے میں لی اور تقریباً 750ملین روپے مالیت کے جرمانے عائد کیے۔ ان کے مطابق اس کارروائی کے دوران لکڑی کاٹنے کے 242غیر قانونی کارخانے بند کئے گئے، 0.376ملین سی ایف ٹی لکڑی واگزارکروائی گئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت ٹمبر مافیا کیلئے سرگرم 7صوبائی افسران اور 50ذیلی ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی۔ ٹمبر مافیا کے خلاف اس کارروائی کو صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخواہ سے بدعنوانی اور قومی وسائل کی چوری کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

مزید : صفحہ اول