مینار پاکستان پر اجتماع ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کا نقطہ آغاز ہو گا ،سراج الحق

مینار پاکستان پر اجتماع ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کا نقطہ آغاز ہو گا ،سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                لاہور(پ ر)امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کا 21تا 23نومبر مینار پاکستان پر ہونے والا اجتماع صرف اجتماع نہیں بلکہ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کا نقطہ آغاز ہوگا،مینار پاکستان سے اٹھنے والی غلبہ اسلام اور تکمیل پاکستان کی تحریک خطے میں شانداراسلامی انقلاب برپا کرے گی ۔امریکہ مزید ذلت اور رسوائی سے بچنا چاہتا ہے تو افغانستا ن سے اپنی فوجیں نکال لے ،امریکہ نے افغانستان میں جدیدترین جنگی ہتھیاروں اور بہترین کمانڈوز کو میدان میں اتار امگر اسے عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔مغرب اور امریکہ کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ جدید ترین جنگی ٹیکنالوجی سے ایمان کی قوت کو شکست نہیں دے سکتے۔آئندہ چند سالوں میںپاکستان اور افغانستان میں اسلامی نظام کا نفاذ دیکھ رہاہوں ،ہم جذباتی لوگ نہیں کہ کفر کے مقابلے میں ہتھیاراٹھا کر پہاڑوں پر چڑھ جائیں ہم دلیل کی قوت سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔دشمن کے پاس اسلام کی روشن تعلیمات کے مقابلے میں کوئی دلیل نہیں اسی لئے وہ ہتھیاراٹھا کر دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام کررہاہے ۔مغربی استعمار اور امریکی غلام پاکستان سے اپنا بوریا بستر گول کرلیں عوام اب انہیں مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔سیاسی فنکاروں اور اداکاروں کا دور گزرچکا،مستقبل اسلام کا ہے اور 21نومبر کا لاکھوں عاشقان مصطفی مینار پاکستان پر جمع ہوکر ملک میں لا الہ الا اللہ کے نظام کے نفاذ کا عہد کریں گے ،ہماری زندگی کی آخری سانس اور خون کا آخری قطرہ ملک میں نفاذ اسلام کیلئے ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں 68سال سے ایک دن کیلئے بھی اسلام کا نفاذ نہیں ہوسکا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کو سب سے زیادہ نقصان منافقین اور استعمار کے آلہ کار حکمرانوں نے پہنچایا ،مغرب کی سرپرستی میں اسلامی ممالک کے اندر سودی نظام جاری ہے مگر کسی کے ماتھے پر شکن تک نہیں ،انہوں نے کہا کہ مغرب کے پروردہ چندخاندانوں نے18کروڑ انسانوں کو قیدکررکھا ہے ،عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے کمیشن خور عیش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ کے نرغے میں ہے یہاں سے غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری ،جہالت اور بیماریوں کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ،حکمرانوں نے عوام کو بھیڑ بکریا ں سمجھ رکھا ہے ،خیبر پختونخواہ میں 56ہزارو لوگوں کو قتل کردیا گیا اور کراچی میں 24ہزار شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا یا گیا مگر کسی کے قاتل نہیں پکڑے گئے اور نہ کسی کو سزا ہوئی ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ پاکستان کو اس کے حقیقی مقصد سے ہمکنار کرنے کیلئے آگے بڑھیں اور کفر کی چالوں کو ناکام بنا دیں،انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان اور اسلامی تاریخ میں نوجوانوں کا کردار نہایت شاندار رہا ہے، مجھے امید ہے کہ ملک بھر کے لاکھوں نوجوان تحریک تکمیل پاکستان کا ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔

مزید :

علاقائی -