محمد خراسانی تحریک طالبان کے نئے ترجمان مقرر
باڑہ/اسلام آباد(اے این این) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنے نئے ترجمان کی تقرری اور خیبر ایجنسی میں لشکر اسلام کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان نے خیبر ایجنسی میں لشکر اسلام اور دیگر شدت پسند گروپوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ای میل کے ذریعے ارسال ایک پیغام میں یہ اعلان کیا گیا ہے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں فوجی کارروائی میں لشکر اسلام اور دیگر شدت پسند گروپوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے جنگجو روانہ کرنے کی بات کی ہے۔کچھ مجاہدین مقام تشکیل تک پہنچ چکے ہیں اور عملی طور پر کام بھی شروع کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام مجاہدین جنھوں نے امیر تحریک طالبان پاکستان فضل اللہ خراسانی سے بیعت کی ہے انتظار میں ر ہیں۔دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے محمد خراسانی کو نیا ترجمان مقرر کیا ہے۔ وہ معزول کیے گئے ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جگہ لیں گے۔تحریک طالبان پاکستان کی جانب جس ای میل کے ذریعے یہ اعلان کیے گئے ہیں یہ ای میل معزول ترجمان شاہد اللہ شاہد ہی کے نام کا ای میل ایڈریس ہے۔بیان کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کی رہبری شوری نےکچھ عرصہ قبل مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد کو معزول کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد آج تحریک کی شوری کی طرف سے باقاعدہ طور پر نئے مرکزی ترجمان محمد خراسانی کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔نام سے بظاہر محسوس ہوتا کہ یہ اصل نام نہیں اور جہادی حلقوں میں اکثر اس قسم کے نام اختیار کیے جاتے ہیں۔ تاہم یہ پہلی نام پہلی بار سنا گیا ہے۔تنظیم نے نئے ترجمان کے ساتھ رابطے کے لیے نئی ای میل بھی جاری کی ہے۔ مبصرین کے خیال میں شاہد اللہ شاہد کی معزولی کے بعد پہلی مرتبہ تحریک نے نئے ترجمان کی تقرری میں اتنا وقت لیا ہے۔ اس سے قبل نئے ترجمان کے نام کا اعلان فوری طور پر کردیا جاتا تھا۔ بعض ماہرین اسے تحریک کو درپیش مشکلات کی عکاسی قرار دیتے ہیں۔تنظیم نے تیسرا اعلان ایک روز بعد کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے تاہم یہ کیا اعلان ہے اس کی وضاحت نہیں کی ہے۔