جب تک اراکین اکیلے اکیلے پیش نہیں ہونگے، استعفے منظور نہیں کیے جائینگے،رانا ثنائ

جب تک اراکین اکیلے اکیلے پیش نہیں ہونگے، استعفے منظور نہیں کیے جائینگے،رانا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی)سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے دل کی بات کہہ دی ہے، وہ استعفے دینا اور ہم لینا نہیں چاہتے، کپتان نے پارٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے،عمران خان کی شدت پسندی سے تمام ارکان پریشان ہیں، سنجیدہ ارکان چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف اس بحران سے نکل آئے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جب تک پی ٹی آئی اراکین اکیلے اکیلے پیش نہیں ہونگے، استعفے منظور نہیں کیے جائیں گے، پی ٹی آئی اراکین نے دل کی باتیں کیں ہیں، اراکین استعفے دینا نہیں چاہتے اور سسٹم میں رہنا چاہتے ہیںجبکہ ہم استعفے لینا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پوری پارٹی کو ہائی جیک کیا ہوا ہے اور پوری پارٹی کو وہ اپنے کنٹینر میں رکھنا چاہتے ہیں۔لیکن یہ اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھے گا اور آخر میں عمران خان کنٹینر سے نیچے اتر آئیں گے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے 27اراکین کے استعفیٰ دینے سے اسمبلی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اپوزیشن ایوان کا حصہ رہے۔ اراکین کو آفر سے متعلق افواہوں پر انہوں نے کہا کہ کسی ممبر کو کوئی آفر نہیں کی گئی، اسپیکر نے پی ٹی آئی ارکان کو علیحدہ علیحدہ بلایا تھا، تحریک انصاف کے ارکان نے ایک ساتھ پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔میں تو اس لیے آیا تھا کہ پی ٹی آئی کہیں فیصلہ تبدیل نہ کرلے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شدت پسندی سے تمام ارکان پریشان ہیں، سنجیدہ ارکان چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف اس بحران سے نکل آئے۔ارکان نے ہم سے کہا ہے کہ اسپیکر اپنے فیصلے پر قائم رہیں، پی ٹی آئی ارکان خوفزدہ ہیں کہ کہیں ایک ساتھ استعفے منظور نہ ہو جائیں، استعفے قبول بھی ہوئے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ارکان عمران خان کے جمہوریت،آئین پر خودکش حملوں سے متفق نہیں۔ استعفے منظور نہ ہونا تحریک انصاف اور (ن) لیگ دونوں کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین اپنے فیصلے پر قائم رہیں گے اور اسپیکر قوانین پر اٹل اور قائم رہیں گے۔

مزید :

علاقائی -