بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس کیخلاف مزید تین درخواستوں پر حکم امتناعی
لاہور (نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے لگژری ٹیکس کے خلاف مزید تین درخواستوں پرعبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ایکسائز سے 10نومبر تک جواب طلب کر لیاہے، لاہور ہائیکورٹ میں لگژری ٹیکس کے خلاف دائر درخواستوں کی تعداد 70سے تجاوز کر گئی ہے۔مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے محمد امین سمیت تین شہریوں کی لگژری ٹیکس کیخلاف درخواستوں کی سماعت کی، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے رواں سال بھی دو کنال اور اس سے بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس عائد کر دیا ہے جو غیرقانونی ہے، شہری پہلے ہی پراپرٹی ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ عدالت نے مزید تین درخواستوں پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ایکسائز سے 10 نومبر تک جواب طلب کر لیا، ان تین درخواستوں کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں لگژری ٹیکس کے خلاف دائر درخواستوں کی تعداد ستر سے تجاوز کر گئی ہے۔