وکیل باپ بیٹوں کے قاتل گرفتار نہ ہونے کیخلاف صوبے میں وکلاءکی مکمل ہڑتال
لاہور (نامہ نگار ) فیروز والہ میں وکیل باپ بیٹوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں وکلاءنے مکمل ہڑتال کی ،جس کے باعث سائلین "رل "گئے۔لاہور ہائی کورٹ میں بھی جزوی طور پر ہڑتال رہی،تاہم اہم نوعیت کے مقدمات میں وکلاءپیش ہوتے رہے۔فیروز والا میں قبر پر مٹی ڈالنے کے تنازع پر وتل ہونے والے وکیل اور اسکے دو بیٹوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف وکلاءکی طرف سے عدالتی بائیکاٹ کا سلسلہ جاری ہے۔پنجاب بار کونسل کی اپیل پر لاہور کی سیشن عدالتوں،وفاقی عدالتوں،ضلع کچہری،کینٹ کچہری،ماڈل ٹاون کچہری اور سول عدالتوں میں وکلاءکی اکثریت عدالتوں میں پیش نہ ہوئی۔ہڑتال کے باعث پیشی پر آئے ملزمان اور دور دراز سے آئے سائلین اگلی تاریخیں لے کر مایوس واپس لوٹ گئے۔پنجاب بار کونسل کے چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی طاہر نصراللہ وڑائچ ،سینئر ایڈووکیٹ مدثر چودھری ،غلام مجتبی چودھری ، ارشاد گجر، مرزا حسیب اسامہ اورہمایوں ظہیر بھٹی نے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے اور اس میں ملوث قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ اختیار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔