شریف خاندان نے تمام بنکوں کو عدالت کے ذریعے سوفیصد رقم ادا کی، ترجمان خاندان
لاہور(اے این این)شریف خاندان کے ترجمان نے بعض اخبارات میں شائع اس خبر کی پُرزور تردید کی ہے کہ شریف خاندان اور اتفاق گروپ نے عدالتی حکم پر ہونے والی چار صنعتی یونٹوں کی نیلامی کے بعد صرف اصل زر واپس کیا ہے اور مارک اپ کی مد میں کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ نہ صرف تمام بینکوں کو عدالت کے ذریعے سوفیصد رقم کی ادائیگی کر دی گئی ہے بلکہ ان صنعتی یونٹوں نے خود عدالت سے رجوع کرکے تمام مارک اپ کی ادائیگی کے سلسلے میں حکم حاصل کیا ہے تاکہ بینکوں کا سوفیصد قرض ادا ہوجائے۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے جب کسی بھی خاندان یا صنعتی ادارے نے ایک روپیہ بھی معاف کروائے بغیر تمام رقم بمع مارک اپ بینکوں کو لوٹائی ہو۔