مسلم لیگ ن ہمارے اراکین اسمبلی کو توڑنے میں ناکام رہی ،محمود الرشید

مسلم لیگ ن ہمارے اراکین اسمبلی کو توڑنے میں ناکام رہی ،محمود الرشید

لاہور (نمائندہ خصوصی)اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ (ن)لیگ ہمارے اراکین اسمبلی کو توڑنے میں ناکام رہی اور اسی مایوسی کی وجہ سے سپیکر بھی ہمارے استعفے منظور نہیں کر رہے ‘ تمام اراکین اسمبلی کا استعفوں کا فیصلہ حتمی ہے کوئی ایک انچ بھی پیچھے ہٹا ہے اور نہ ہی ہٹے گا ‘عمران خان کے ایک اشارے پرتمام اراکین اسمبلی ایک نہیں ہزار بار اسمبلی رکنیت چھوڑ سکتے ہیں، ہم ایک ہی مطالبہ کرتے ہیں کہ سپیکر ہمارے استعفے منظو ر کریں اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کرکے ہماری نشستوں کے خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔ وہ جمعہ کے روز تحریک انصاف کے 29اراکین اسمبلی کے ہمراہ استعفوں کی تصدیق کےلئے 2بار پنجاب اسمبلی آمد کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ اور ڈپٹی سپیکر کایہ کہنا کہ تحریک انصاف کے بعض اراکین اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ مشکوک ہے تو یہ مکمل طور پر جھوٹ کا پلندہ ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب تمام اراکین اسمبلی کے استعفے اجتماعی طور پر جمع ہو سکتے ہیں تو پھر ان استعفوں کو منظور کیوں نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے استعفے اجتماعی طور پر سپیکر چیمبر میں جمع کروائے ہیں اور سپیکر کو چاہیے کہ وہ اجتماعی طور پر ہی ہمارے استعفے قبول کریں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہم نے اخلاقی طور پر 2بار سپیکر کو پیغام پہنچایا کہ ہمارے استعفے منظور کر لیں لیکن کوئی نہیں آیا اور اب ہم واپس جا رہے ہیں اور سپیکر کو چاہیے کہ وہ ہمارے استعفوں کو کنفرم کریں اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نظریے اور اصول کی سیاست کرتی ہے جس کےلئے ہم اپنا سب کچھ قربان کرنے کو بھی تیار ہیں اسمبلی رکنیت ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔

مزید : صفحہ آخر