شیشہ کیفے پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے

شیشہ کیفے پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے
 شیشہ کیفے پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور میں غیر قانونی طور پر چلنے والے شیشہ کیفے پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، پوش علاقے میں شیشہ کیفے چلنے کا پول کھلنے پر پولیس واقعے کو چھپانے کی کوشش کرتی رہی۔

تفصیلات کے مطابق شیشہ کیفیز پر پابندی کے باوجود گارڈن ٹاﺅن کے ابوبکر بلاک میں مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں چلنے والے شیشہ کیفے میں شیشہ پینے کیلئے آنیوالے نوجوانوں کا انتظامیہ کے ساتھ جھگڑا ہوگیا اور معاملہ تلخ کلامی سے فائرنگ تک جاپہنچا،فائرنگ کی زد میں آکر 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، پابندی کے باوجود کھلے عام شیشہ کیفے چلنے کا پول کھل گیا تو موقع پر موجود تفتیشی افسر نے خاموشی میں ہی عافیت جانی۔ذرائع کے مطابق انچارج انوسٹی گیشن موقع پر پہنچا اور حقائق سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات مکمل کرنے کی مہلت مانگ لی۔

پولیس نے مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوادیا،پولیس کا کہنا ہے کہ 3 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزید : لاہور