نیو اسلام آباد ایئرپورٹ ناقابل عمل منصوبہ، ذمہ دار نشان عبرت بنائے جائیں: سینٹ کمیٹی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ منصوبے کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق کمیٹی کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ جیسا ناقابل عمل منصوبہ بنانے اور اس پر عمل درآمد کرانےوالے ذمہ داروں کا تعین کرکے نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی عوام کے خون پسینے کی کموئی کو اس طرح ضائع نہ کرسکے۔ اربوں روپے کے گھپلوں کے لئے 22 غلط فیصلے کرکے منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا اور مجرمانہ غفلت سے کھربوں کا نقصان ہوا۔ بائیس ارب کے منصوبے کو 81 ارب تک پہنچایا گیا تاہم اب بھی ایئرپورٹ کے لئے راستہ ہے نہ پانی اور ایک رن وے بھی نہیں بنا ہے کئی ارب زمین کے حصول، پانیکی فرامی اور انفراسٹرکچر کے لئے بھی ضرورت ہے۔ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبہ کی نئے روٹ کی جلد از جلد منظوری دینے کے لئے خط لکھا جائے اور کمیٹی کے اراکین وزیراعظم سے خودبھی ملاقات کرکے مثبت تجاویز سے آگاہ کریں گے۔