مقبوضہ کشمیر، حریت پسندسیاسی اورعسکری تنظیموں نے مودی کا 80 ہزار کروڑ روپے کا پیکیج مستردکردیا

مقبوضہ کشمیر، حریت پسندسیاسی اورعسکری تنظیموں نے مودی کا 80 ہزار کروڑ روپے کا ...
مقبوضہ کشمیر، حریت پسندسیاسی اورعسکری تنظیموں نے مودی کا 80 ہزار کروڑ روپے کا پیکیج مستردکردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر(اے این این) مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندسیاسی اورعسکری تنظیموں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر کیلئے اعلان کردہ 80 ہزار کروڑ روپے کا پیکیج یکسرمسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے تسلط سے نجات کی منزل پر پہنچ کر دم لینے کاعزم کررکھاہے ،مودی پیکج کے لالچ دے کرجدوجہدآزادی کودبا سکتے ہیں نہ اس سے لاکھوں شہداء کی قربانیوں کوبھلایاجاسکتاہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اوربزرگ کشمیری رہنماء سیدعلی شاہ گیلانی نے سری نگرمیں ملین مارچ سے ٹیلی فونک خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ سات لاکھ بھارتی فوج اور ایک لاکھ پولیس کو وسیع اختیارات دے کر عملاً پوری وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ، بھارت کشمیریوں کا حق آزد ی زیادہ دیر تک نہیں دبا سکتا ، کشمیری اپنی منزل پر پہنچ کر دم لیں گے ۔مودی پیکج کااعلان کرکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کودبانہیں سکتے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (میرواعظ گروپ)کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق اورجموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک نے اپنے الگ الگ بیانات مودی کے دورے کے موقع پرلوگوں کوملین مارچ میں شرکت سے روکنے کیلئے لگائی گئی پابندیوں اورپکڑدھکڑکی شدیدمذمت کی۔میرواعظ عمرفاروق نے کہاکہ یہ افسوسناک امرہے کہ کشمیرکے نام نہادحکمران نئی دہلی میں اپنے آقاؤں کوخوش کرنے کیلئے عوام کی زندگی کواجیرن بنارہے ہیں۔انہوں نے عالمی برداری پرزوردیاکہ وہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لے۔یاسین ملک نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت پسندرہنماؤ ں اورکارکنوں کوگرفتارکرکے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ اورحزب الماہدین کے سپریم کمانڈرسید صلاح الدین نے ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی جماعت ہندوستان میں فسادات کرنے کی ذمہ دارہے جس میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں اوران سے ملاقات کر نا پاکستانیوں کا حق ہے ، ہم اس پر بھارتی اعتراض کو مسترد کرتے ہیں ، بھارتی مصنفوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنے ایوارڈ ز واپس کر کے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا.