وہ الماری جو آپ کے کپڑے ڈرائی کلین بھی کر دے گی اور استری بھی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امورِ خانہ داری سرانجام دینے والی خواتین کی خواہش رہی ہوگی کہ کسی طرح کپڑے دھونے اور استری کرنے سے ان کی جان چھوٹ جائے ۔ واشنگ مشینوں نے کسی حد تک ان کی یہ خواہش پوری کر دی تھی لیکن اب معروف الیکٹرانک کمپنی ایل جی نے خواتین کو کپڑے دھونے اور استری کرنے کے اس جھنجھٹ سے مکمل طور پر نجات دلا دی ہے۔
ایل جی نے ایک جدید واشنگ مشین بنا ڈالی ہے جو دراصل کپڑے لٹکانے کی الماری سے مشابہہ ہے۔ اب خواتین کو کپڑے صرف ہینگرز میں ڈال کر اس الماری نما واشنگ مشین میں لٹکانے ہوں گے اور اس کا بٹن آن کرنا ہو گا۔ 30منٹ میں آپ کو کپڑے نہ صرف دھلے ہوئے بلکہ استری کیے ہوئے ملیں گے۔
ایل جی نے اس جدید مشین کے اندر گرم بھاپ کا ایک ایسا نظام بنایا ہے جو نہ صرف کپڑوں کی بدبو ختم کرتا اور داغ صاف کرتا ہے بلکہ ان کی سلوٹیں بھی ختم کرتا ہے۔ جب گرم بھاپ اس مشین کے اندر بھر جاتی ہے تو اس کے ہینگرز آہستہ آہستہ حرکت کرتے ہیں جس سے کپڑوں کی سلوٹیں بالکل ختم ہو جاتی ہیں۔ آخر میں یہ مشین کپڑوں پر آپ کے پسندیدہ پرفیوم کا چھڑکاﺅ کرتی ہے۔ یہ سارا عمل 30منٹ میں مکمل ہوتا ہے اور اس کے بعد کپڑے نکال کر پہننے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔