بھارتی کرکٹ بور ڈ کا سالانہ جنرل اجلاس کل ہو گا
ممبئی( نیٹ نیوز) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سالانہ جنرل اجلاس کل ہو گا جس میں بورڈ کے سابق صدر این سری نواسن کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا، اس کے علاوہ ویسٹ انڈین ٹیم پر سے پابندیاں اٹھائے جانے اور سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیوں کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بورڈ کا سالانہ جنرل اجلاس کل منعقد ہو گا جس میں سری نواسن کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیئرمین شپ سے فارغ کر کے بورڈ کے موجودہ صدر ششانک منوہر کو ذمہ داری دیئے جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ ویسٹ انڈین ٹیم پر سے پابندیاں اٹھائے جانے کے معاملے کو بھی زیر غور لایا جائے گا اور اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز بحال ہو جائیں گی، اس کے علاوہ سلیکشن کمیٹی میں بھی بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ اجلاس میں بحث کے بعد ہو گا۔