لیڈی ایچی سن ہسپتال میں نئے لانڈری پلانٹ نے کام شروع کر دیا

لیڈی ایچی سن ہسپتال میں نئے لانڈری پلانٹ نے کام شروع کر دیا

لاہور( جنرل رپورٹر) لیڈی ایچی سن ہسپتال میں نئے لانڈری پلانٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔ یہ پلانٹ گزشتہ 3 سال سے بند پڑا تھا جس کی اوورہالنگ پر 14 لاکھ روپے خرچ آیا ہے۔ان خیالات کا اظہار لیڈی ایچی سن ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر ثمینہ نصیر نے گزشتہ روز لانڈری پلانٹ کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے لئے لانڈری پلانٹ تقریباً 2 کروڑ روپے کی لاگت سے 2012ء میں خریدا گیا تھا جسے نصب کرنے کے بعد آپریشنل نہیں کیا گیا۔ تاہم ہسپتال کی نئی انتظامیہ نے 14 لاکھ روپے کی لاگت سے لانڈری پلانٹ کی اوورہالنگ اور معمولی مرمت کر کے اسے فنکشنل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر ثمینہ نصیر نے مزید بتایا کہ لانڈری پلانٹ اور بوائلر مشین طویل عرصہ تک بند رہنے سے زنگ آلود ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ معاملہ مشیرصحت اور سیکرٹری صحت کے نوٹس میں لائیں جس پر خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے فوری طور پر پلانٹ کو آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔ ایم ایس نے بتایا کہ لانڈری پلانٹ کے چالو ہونے سے ہسپتال کی چادریں‘ لینن وغیرہ کو انفیکشن سے پاک دھلائی کا سسٹم میسر آ گیا ہے۔ لانڈری پلانٹ کے افتتاح کے موقع پرڈاکٹر سمیرا کنول‘ ڈاکٹر حناظفر‘ ڈاکٹر زاہد‘ میڈم نسرین بٹ اور انجنیئرنگ سٹاف اور لانڈری ملازمین نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1