مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ سے عوام کیلئے دووقت کی روٹی کمانابھی مشکل ہوگیا ،میاں مقصود
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ ہوچکا ہے۔عوام کے لئے دووقت کی باعزت روٹی کمانابھی مشکل ہوگیا ہے۔اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں عملاً نظر نہیں آتیں۔مرغی کاگوشت راتوں رات148سے بڑھ کر175تک پہنچ چکا ہے۔لاہور کی منڈیوں میں من مانیوں کاسلسلہ جاری ہے۔ہمسایہ ملک سے درآمد کے بعد ٹماٹر 67کی بجائے دوگنی قیمت میں فروخت ہورہا ہے جب کہ پیاز کے دام پر بھی قابو نہ پایا جاسکا۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کوقابوپانے کے حوالے سے مارکیٹ کمیٹیاں اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں فرائض سے غفلت برتی رہیں۔سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے بروقت نرخ نامے جاری ہونے کی وجہ سے غریب عوام آڑھتیوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔کوئی پرسان حال نہیں۔حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مہنگائی،توانائی بحران اور لاقانونیت ہے۔اگر حکمران واقعی غیر ملکی سرمایہ کاری چاہتے ہیں تو انہیں عوامی مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگااوروزیر اعظم نوازشریف اور آصف علی زرداری سمیت سیاستدانوں کو اپنا سرمایہ پاکستان میں منتقل کرنا ہوگا۔ملک وقوم اس وقت مسائل کے بھنورمیں دھنستے چلے جارہے ہیں۔بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہونے کے باعث مزدورفاقوں پر مجبور ہیں۔عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والے ارباب اقتدار سابقہ حکمرانوں کے انجام کوبھی یاد رکھیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت مہنگائی میں پچاس فیصد تک کمی کرے،لوگوں کوروزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے عوام کے مسائل میں اضافے کی بجائے کمی ہو۔