شام میں جنگ کی قیادت ایران کے ہاتھ میں ہے،جنر ل یحییٰ رحیم صفوی

شام میں جنگ کی قیادت ایران کے ہاتھ میں ہے،جنر ل یحییٰ رحیم صفوی

  

تہران (آئی این پی )ایران کے رہ براعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے عسکری امور جنر ل یحییٰ رحیم صفوی نے کہا ہے کہ شام میں جاری جنگ کی قیادت ایران کے ہاتھ میں ہے، لڑائی میں ایرا نی پاسداران انقلاب کی شمولیت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق میجر جنرل صفوی نے ان خیالات کا اظہار شام کے حلب شہر میں پچھلے ماہ باغیوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے جنرل حسین ھمدانی کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جنرل رحیم صفوی نے اعتراف کیا کہ بشار الاسد کی حکومت بچانے کے لیے ایران نے شام میں دشمنوں کے خلاف عالمی اسلامی محاذ تشکیل دیا۔ ان کا اشارہ روس کی شام میں فوجی مداخلت، پاسداران انقلاب کے فوجیوں، افغان اور پاکستانی رضاکاروں اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کی جانب تھا جو پچھلے کئی سال سے صدر بشارالاسد کی فوج کے شانہ بہ شانہ لڑ رہے ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن صدر بشار الاسد کی حکومت کو گرانے کے بعد لبنانی حزب اللہ، عراق اور اس کے بعد ایران کو بھی تباہ وبرباد کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شام میں پانچ سال سے جاری لڑائی میں ہم نے اپنے جوانوں اور افسروں کی قربانیاں دے کر فتح کو یقینی بنایا ہے۔ پچھلے پانچ برسوں میں ایرانی فوج اور غیر سرکاری ملیشیا کے 400 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ایرانی عہدیدار کا یہ بیان کہ شام کی جنگ کی قیادت تہران کے ہاتھ میں ہے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ کیونکہ ایران مسلسل یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ اس کی فوج شام میں محاذ جنگ میں حصہ نہیں لے رہی

بلکہ صرف دمشق کو عسکری مشاورت کی حد تک مدد کررہی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -