بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں فوج تعینات کی جائے ، پنجاب حکومت کا الیکشن کمیشن کو خط
لاہور/اسلام آباد (آئی این پی) پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں فوج تعینات کرنے کیلئے خط لکھ دیاجبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ سٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کو ناممکن قرار دے کر حساس پولنگ سٹیشنزپر فوج کی تعیناتی کی آفر کردی،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی سے متعلق اجلاس 13 نومبر کو ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں موقف اپنایا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سیاسی گروہوں کے درمیان بڑے پیمانے پر تصادم اور مختلف پولنگ سٹیشنز پر جھگڑوں کا خطرہ ہے جس سے بچنے کیلئے الیکشن کے دوران فوج تعینات کی جائے۔ پنجاب حکومت کے خط کے جواب میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پنجاب کے حساس پولنگ سٹیشنزمیں فوج تعیناتی کی درخواست مل گئی ہے، حساس پولنگ سٹیشنزکی رپورٹ کے بعدفوج کی تعیناتی کافیصلہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی معاملات اورفوج کی تعیناتی کا فیصلہ آیندہ ہفتے تک کیاجائیگا، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی سے متعلق اجلاس 13 نومبر کو ہوگا جبکہ سندھ کی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے 9 نومبر کو حیدرآباد میں اجلاس ہوگا۔