اگست میں شمالی شام کے قصبے میں مسٹرڈ گیس کا استعمال ہوا: ماہرین کا دعویٰ

اگست میں شمالی شام کے قصبے میں مسٹرڈ گیس کا استعمال ہوا: ماہرین کا دعویٰ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


دمشق (این این آئی)کیمیائی ہتھیاروں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال اگست میں شمالی شام کے قصبے میں مسٹرڈ گیس کا استعمال ہوا۔ کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم، او پی سی ڈبلیو کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماریا نامی قصبے میں کیمیکل ایجنٹ کا استعمال ہوا۔شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ پر الزام ہے کہ یہ زہریلی گیس اس نے ایک باغی گروہ کے خلاف لڑتے ہوئے استعمال کی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہت غالب حد تک امکان ہے کہ ایک بچہ اسی گیس کے استعمال سے ہلاک ہوا۔طبی امداد کے ادارے میڈیسن سانز فرنٹیئرز کا کہنا ہے کہ یہ حملہ 21 اگست کو ہوا جس کے بعد ان کی جانب سے ایک خاندان کے چار افراد کو طبی امداد فراہم کی۔بتایا گیا ہے کہ ان زخمیوں کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی اور ان کے جسم پر پھوڑے نکل آئے تھے۔مقامی باغیوں کا کہنا ہے کہ گیس کے شیل دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقے سے مارے گئے تھے۔جن صحافیوں نے او پی سی ڈبلیو کی رپورٹ تک رسائی حاصل کی ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے نتیجے میں اس یقین کا اظہار کیا گیا ہے کہ سلفر مسٹرڈ کا نشانہ بننے سے کم ازکم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں کسی پر الزام تو نہیں لگایا تاہم سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ کیمیائی ہتھیاردولتِ اسلامیہ اور باغی گروہ کے درمیان جھڑپوں میں استعمال ہوئے۔خیال رہے کہ سلفر مسٹرڈ جو عام طور پر مسٹرڈ گیس کے نام سے جانی جاتی ہے کے باعث انسان کے اندرونی اعضا سمیت جلد، آنکھیں، اور نظامِ تنفس شدید طور پر متاثر ہوتا ہے۔اس خدشے کا اظہار بڑھتا جا رہا ہے کہ دولتِ اسلامیہ شام اور عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے۔اس سے قبل اگست میں امریکی فوج نے کہا تھا کہ شمالی عراق میں کرد فوج پر حملہ کرنے والے ایک گروہ نے مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔امریکی حکام یہ خیال ظاہر کرتے ہیں کہ دولتِ اسلامیہ نے مسٹرڈ گیس شام سے حاصل کی تاہم شامی حکومت یہ اعلان کر چکی ہے کہ وہ ہتھیار تلف کرنے کے معاہدے کے تحت اپنے تمام ذخیروں کو تلف کر چکی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -