اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 2نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا

اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 2نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا

  

یروشلم/ مقبوضہ بیت المقدس(آئی این پی ) اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 2 نہتے فلسطینیوں کوشہید کردیا، مختلف واقعات میں 3 اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ایک معمر خاتون کو فلسطین کے مغربی کنارے جبکہ ایک شخص کو غزہ میں شہید کیا۔اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 72 سالہ فلسطینی خاتون نے حبرون کے علاقے میں اپنی کار کو اسرائیلی فورسز پر چھڑھانے کی کوشش کی، خاتون کو روکنے کے لیے اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی جس سے معمر خاتون زخمی ہوگئی۔زخمی فلسطینی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔دوسرے نہتے فلسطینی شہری کی موت کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہونے والے ایک مظاہرے میں شریک مظاہرین کو آگئے آنے سے روکنے کے لئے خبرداد کرتے ہوئے ہوائی فائر کئے گئے تھے۔تاہم مظاہرین کی جانب سے پیش قدمی جاری رہی جس پر اسرائیلی فورسز نے ان پر سیدھی گولیاں چلائی جس کی زد میں آکر ایک فلسطینی شخص شہید ہوگیا۔ادھر امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والا ایک فلسطینی شخص شدید زخمی ہوگیا۔دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مختلف واقعات میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے دو کو حبرون میں گولیوں اور ایک کو بیت ال میں یہودی بستی کے قریب چاقو سے نشانہ بنایا گیا۔خیال رہے کہ 5 ہفتے قبل اسرائیلی حکومت کی جانب سے بیت المقدس مسجد اقصیٰ میں فلسطینی مسلمانوں کے داخلے پابندی کے بعد سے فلسطینی شہریوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں سے جاری اس کشیدگی میں اب تک اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 71 نہتے فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران 11 اسرائیلیوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ سال 2014 میں غزہ پر اسرائیلی فورسز نے خوف ناک فضائی کارروائی کی تھی، جس میں ہزاروں نہتے فلسطینی شہید ہوگئے تھے، جس میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔

مزید :

عالمی منظر -