سرمایہ کاروں کاپنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آمادگی کا اظہار، ملاقاتیں 4 گھنٹے سے زائد جاری رہیں

سرمایہ کاروں کاپنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آمادگی کا اظہار، ملاقاتیں 4 ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے بین الاقوامی سرمایہ کاری سیمینار میں شریک غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور اعلیٰ حکام نے مقامی ہوٹل میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں 4 گھنٹے سے زائد جاری رہیں جن میں چین،ترکی اور جرمنی کی معروف کمپنیوں کے سرمایہ کاروں نے پنجاب میں توانائی، معدنیات، صنعت، زراعت، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پرگہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے اقدامات کی تعریف کی او رکہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار فضا ہے اور ہم ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔غیرملکی سرمایہ کار وں کے وفود نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی سرمایہ کاری سے متعلق شفاف پالیسی نے بہت متاثرکیاہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب سرمایہ کاری کے لئے ایک محفوظ مرکز بن کر ابھرا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد حکومت کے مثبت اور ٹھوس اقدامات کی غمازی کرتا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنا وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب کے 300طلبا و طالبات کو چینی زبان سکھانے کے لئے بیجنگ بھجوایا جارہاہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی سرمایہ کاری سیمینار کی سائیڈلائن پر غیرملکی سرمایہ کاروں سے ہونے والی ملاقاتوں کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے اور سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے رضامندی کا اظہار کیا۔

مزید :

صفحہ اول -