پاک بحریہ گوادر پورٹ کو تمام خطرات سے تحفظ فراہم کرے گی ، نیول چیف

پاک بحریہ گوادر پورٹ کو تمام خطرات سے تحفظ فراہم کرے گی ، نیول چیف

 کراچی(آن لائن) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ سکیورٹی کی موجودہ غیر یقینی اندرونی و بیرونی صورتحال میں گوادر پورٹ کو ہر طرح کے خطرات سے تحفظ فراہم کرے گی، گوادرپاک چین اقتصادی راہداری کا محور ہے اور گوادر کو بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنے والے بحری راستے پاک چین اقتصادی راہداری کی توسیع ہیں۔پاکستان نیوی کی جاری بحری مشق سی اسپارک 2015ء کے دوران پاک بحریہ کے یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے مکران کی ساحلی پٹی پر قائم نیول یونٹس اور اگلے مورچوں بشمول جناح نیول بیس اورماڑہ ، پسنی ، گوادر اور جیوانی کا دورہ کیا۔ اس دوران نیول چیف کو ساحلی یونٹس میں جاری آپریشنل سرگرمیوں سے متعلق ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پرنیول چیف نے کہا کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر آپریشنل کرنے اور پاک چین اقتصادی راہداری سے تما م معاشی و سماجی فوائد حاصل کرنے کے لیے سمندر اور خشکی دونوں پر ایک محفوظ ماحول کا قیام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اہم ترین بحری تجارتی راستوں کی حفاظت و دفاع کے لئے پاکستان نیوی پوری طرح مستعد ہے اور اس کی بھر پور قابلیت رکھتی ہے ۔ نیول چیف نے مختلف یونٹس پر تعینات دستوں سے بھی ملاقات کی اور افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے گوادر پورٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پاک بحریہ کے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ۔بحری مشق سی سپارک 2015کے مقاصد میں سے ایک مقصد اس اہم فریضہ کی ادائیگی کے لئے آپریشنل تیاریوں کو جانچنا بھی ہے۔ ساحلی یونٹس کے دورے کے موقع پر ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) رئیر ایڈمرل کلیم شوکت بھی چیف آف نیول اسٹاف کے ہمراہ تھے۔

مزید : صفحہ اول