یوسی 247 سے انتخابی نتائج کی تبدیلی کے خلاف درخواست دائر

یوسی 247 سے انتخابی نتائج کی تبدیلی کے خلاف درخواست دائر

لاہور(نامہ نگار خصوصی )یونین کونسل 247 وارڈ نمبر 5 سے جنرل کونسلر کے انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے ملی بھگت کر کے وارڈ نمبر پانچ کے نتائج ن لیگ کے حق میں تبدیل کئے، یہ درخواست محمد صدیق نے سید افضل بخاری ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر سید اسد رضا کاظمی نے 31 اکتوبر کو 742 ووٹوں کے ساتھ آزاد امیدوار محمد صدیق کو کامیاب قرار دیا اور دستخط شدہ نتیجہ جاری کر دیا، بعد میں 735 ووٹ لینے والے ن لیگ کے امیدوار محمد مشتاق کے حق میں نتیجہ تبدیل کر کے اسے کامیاب قرار دے دیا گیا، نتیجہ تبدیل کرنے کے لئے ن لیگ کے امیدواروں اور الیکشن کمیشن کے ارکان نے دھمکیاں دیں اور ریٹرننگ افسر کو رشوت دی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وارڈ نمبر 5 کے نتیجے کو تبدیل کرنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا جائے اور دھمکیاں دینے والے الیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزید : صفحہ آخر