شہبازشریف نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے حوالے سے پاک چین دوستی کے یادگاری پویلین کا افتتاح کر دیا

شہبازشریف نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے حوالے سے پاک چین دوستی کے ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مال روڈ پر چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے حوالے سے پاک چین دوستی کی یادگار کے ضمن میں بنائے گئے پویلین کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور چین کے سفیر سن ویڈانگ نے مشترکہ طور پر ربن کاٹ کر پاک چین دوستی کی یادگار کے حوالے سے بنائے گئے پویلین کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین انمٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلنداور سمندر سے گہری ہے۔ چین کے صدر کا تاریخی سرمایہ کاری پیکیج پاکستانی عوام کے لئے عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام چین کے عظیم تحفے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔سی پیک کے تحت چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہاہے اور سی پیک کے تحت صرف 36ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کے لئے رکھے گئے ہیں۔ سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر، توانائی، ٹرانسمیشن لائنوں کی بہتری اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کا آغاز ہو چکا ہے اور چین کا یہ تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سی پیک کے منصوبوں کے لئے ذاتی طور پر انتھک شبانہ روز محنت کی ہے۔ سی پیک کی یاد گار بنانے پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور پنجاب کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی یادگار کی افتتاحی تقریب میں شرکت ہمارے لئے باعث اعزاز اور تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام پیار کرنے والے اور عظیم لوگ ہیں۔ پاک چین دوستی ہمیشہ قائم رہے گی اور وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوگی۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاک چین دوستی کے رشتے مزید مضبوط بنائے گا۔ چینی قونصل جنرل یوبورن، چینی سرمایہ کار، خواجہ احمد حسان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -