وفاقی اور صوبائی اداروں میں گریڈ 18کے افسروں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنیکا فیصلہ

وفاقی اور صوبائی اداروں میں گریڈ 18کے افسروں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(شہبا زاکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل) حکومت نے وفاقی اور صوبائی اداروں میں گریڈ 18سے 19میں ترقی کے لیے تربیت پر جانے والے افسروں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور میں مڈ کیریر مینجمنٹ کورس کرنے والے افسروں کو ای گورننگ ، موبائل فون کی مختلف ایپلی کیشنز ،انڈرائیڈ فون سیٹ کے فوائداور انٹرنیٹ کے استعمال کے حوالے سے خصوصی طورپر آگاہ کیا جائیگا۔معلوم ہوا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن آف پاکستان اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی )کی ہدایات پر ملک بھر میں نم (این آئی ایم)کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مڈ کیریر مینجمنٹ کورس کرنے والے گریڈ 18کے تمام افسروں کو تین ماہ کے تربیتی کورس کے دوران دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے ای گورننگ کی خصوصی تربیت دیں تاکہ مستقبل قریب میں ایک طرف سرکاری دفاتر سے بھاری بھرکم فائلوں کا وجود ختم ہوسکے ۔اور دوسری طرف فائلوں اور سرکاری خطوط کا ایک سے دوسری جگہ ارسال کرنا اس قدر سہل بنا دیا جائے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے دوران سفر بھی سرکاری احکامات کی وصولی اور ان پر عمل درآمد شروع ہوسکے۔ذرائع کے مطابق گریڈ 18سے 19میں ترقی کے لیے سرکاری افسروں کے لیئے لازم ہے کہ وہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سے مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس مکمل کریں۔ نم کے ریجنل دفاتر ملک کے چاروں صوبوں میں موجود ہیں۔جو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ماتحت ہیں۔جبکہ این ایس پی پی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن آف پاکستان کے ماتحت کام کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق این ایس پی پی کی سربراہی میں ملک بھر میں گریڈ 17کے افسروں کو کامن ٹریننگ پروگرام اور سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کروائے جاتے ہیں۔گریڈ 18سے 19میں ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے افسروں کو مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کروایا جاتا ہے۔ گریڈ 19سے 20میں ترقی کے لیے سینئر مینجمنٹ کورس کروایا جاتا ہے۔ گریڈ 20سے 21میں ترقی کے لیے نیشنل مینجمنٹ کورس کروایا جاتا ہے۔ جبکہ گریڈ 21سے 22میں ترقی کے لیے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ کورس کروایا جاتا ہے۔مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے افسروں کو چھ ماہ یا ایک سال کے اندر گریڈ 19میں ترقی دی جاتی ہے۔جو صوبائی محکموں میں ایڈیشنل سیکرٹری یا ڈی جی اور وفاقی محکموں میں ڈپٹی سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیا جاتا ہے۔ ایم سی ایم سی میں گریڈ 19میں ترقی کے لیے زیر تربیت افسروں کو کارکردگی بڑھانے ، لیڈر شپ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے ،عوامی اعتماد حاصل کرنے ،اندروانی اور بیرونی سطح پر بڑے معاملات اور مسائل کو تکنیکی اور آپریشنل سطح پر نمٹانا ،اقتصادیات اور فنانس کے حوالے سے انہیں بنیادی معلومات فراہم کرنا ان کے متعلق مسائل اور معاملات کو تکنیکی اور آپریشنل سطح پر نماٹا،فرقہ واریت اورانہتا پسندی جیسے مسائل کا انہتائی باریک بینی سے مطالعہ کرنا اور انتظامی امور میں ا ن معاملات کے اثررو نفوذ کا ادراک رکھنا،پالیسی سازی کے لیے تحقیق اور تجزیہ کرنا، انتظامی اور فنانشل امور کو سمجھنا اور وزارتوں کے ساتھ کام کرنے کی صلاحتیوں میں اضافہ کرنے جیسے امور کی تربیت دی جاتی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -