راولپنڈی ، بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے کیلئے انتخابی نشان الاٹ

راولپنڈی ، بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے کیلئے انتخابی نشان الاٹ

اسلام آباد (آن لائن) راولپنڈی میں تیسری مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ریٹرننگ افسران کی جانب سے سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت آزاد امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیئے گئے‘ پانچ دسمبرکو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انیس سو سے زائد پولنگ اسٹیشن بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ آزاد امیدواروں کی جانب سے متعدد انتخابی نشان نہ الاٹ کئے جانے کے حوالے سے ریٹرننگ افسران کی منتیں اور سماجتیں بھی کی جاتی رہیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ روز ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیئے گئے جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو (شیر) ‘ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کو (تیر) ‘ پاکستان تحریک انصاف کو (بلا)‘ پاکستان پیپلزپارٹی (دو تلواریں)‘ پاکستان مسلم لیگ ق (سائیکل)‘ عام آدمی پارٹی (اینٹ)‘ جمعیت علمائے اسلام (کتاب)‘ افغان قومی موومنٹ پاکستان (توپ)‘ پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ (مکا)‘ عوامی نشنل پارٹی لائٹ‘ پاکستان عوامی تحریک موٹر (سائیکل)‘ ایم کیو ایم (پتنگ)‘ پاکستان اسلامی تحریک (تالا چابی)‘ جماعت اسلامی (ترازو)‘ پی پی پی ورکرز (وکٹری)‘ سنی تحریک (ٹیبل لیمپ)‘ مجلس وحدت المسلمین (خیمہ) سمیت متعدد ایسی جماعتوں کے انتخابی نشان بھی الاٹ کئے جاتے رہے جن کے امیدوار حصہ نہیں لے رہے۔ آزاد امیدواروں کے انتخابی نشان میں چوڑیاں ‘ فرائی پان‘ بکری‘ بیلن‘ چمٹا‘ مرغی‘ بطخ شامل ہیں ریٹرننگ افسران کے پاس آزاد امیدوار اپیلیں کرتے رہے کہ انہیں یہ نشان الاٹ نہ کئے جائیں لیکن آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث یہ نشان بھی الاٹ کئے جاتے رہے۔ ریٹرننگ افسران کے مطابق راولپنڈی میں پانچ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انیس سو سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول