وزیراعلٰی کی فضل حق کالج کی کھوئی ہوئی ساکھ اور معیاری کی بحالی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

وزیراعلٰی کی فضل حق کالج کی کھوئی ہوئی ساکھ اور معیاری کی بحالی میں ہر ممکن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مردان (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے فضل حق کالج مردان کی کھوئی ہوئی ساکھ اور معیار کو پائیدار بنیادوں پر بحال کرنے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور اس سلسلے میں خود مختار تعلیمی اداروں کی طرز پر کالج کے اساتذہ و دیگر عملے کے سروس سٹرکچر کی فراہمی، کالج کا تین کروڑ روپے کا بجٹ خسارہ پورا کرنے، لیبارٹریوں اور سولر سسٹم سمیت ضروری سہولتوں کی فراہمی، کالج کی خستہ حال عمارات کی تعمیر نو اور کالج سے ملحقہ گرلز ماڈل کالج کے قیام سمیت وہ تمام مطالبات اور تجاویز منظور کرنے کا اعلان کیا ہے جو کالج کی موجودہ انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو پیش کی ہیں۔ یہ مطالبات ہفتہ کے روز فضل حق کالج مردان کے یوم تاسیس کی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پیش کئے گئے جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف، ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، علی محمد خان، مجاہد خان، مردان کے انتظامی افسران، کالج کے اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات و عمائدین، میڈیا کے نمائندوں اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کیلئے کالج پہنچنے پر وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ اس موقع پر کالج کے طلبہ نے گھڑ سواری، جمناسٹک، پی ٹی اور سپورٹس کی دیگر سرگرمیوں کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد ریاض نے تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کالج کی تاریخ، سرگرمیوں، مستقبل کے منصوبوں اور ضروریات کا تفصیلی ذکر کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی قریب میں صوبے کے معروف تعلیمی ادارے فضل حق کالج مردان کو درپیش بعض مشکلات کے باعث اگرچہ اس کی ساکھ متاثر ہوئی تاہم خوش قسمتی سے کالج بانیوں کے ساتھ کام کرنے والے فیکلٹی اور سٹاف کے بعض موجودہ ارکان نے کالج کی بقاء اور شہرت کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں اہم کرادار ادا کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کالج کے نئے پرنسپل اور ان کی ٹیم اپنی انتھک کوششوں سے کالج کی کھوئی ہوئی شہرت اور ساکھ کو بحال کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی جس کے لئے صوبائی حکومت بھی ان کی بھر پور مدد کرے گی تا کہ مرادان کے عوام کو حاصل معیار ی تعلیم کی اس گرانقدر سہولت کو جاری رکھا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کالج کے بورڈ آف گورنزرز کا اجلاس جلد منعقد کرکے اس ضمن میں ضروری فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کی تعلیم کیلئے فض حق کالج مردان کا انتخاب کرکے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ کالج ملک کے ممتاز ماہر تعلیم عبدالعلی خان نے اس کے بانی پرنسپل کی حیثیت سے شروع کیا اور اس عظیم مقصد کیلئے انہوں نے پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے پرکشش عہدے کو بھی خیر باد کہہ دیا جبکہ اس عظیم تعلیمی ادارے کے قیام میں سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فضل حق کی ذاتی دلچسپی اور عزم بھی بلاشبہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ عبدالعلی خان ایچی سن کالج لاہور کے بھی پرنسپل اور ان کے استاد رہے ہیں اور اسی وجہ سے ایچی سن کالج اور فضل حق کالج کے معیار میں یکسانیت محسوس ہوتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے اور بورڈ کے نتائج میں کالج کے طلبہ کی شاندار کامیابی کو سراہا۔