وفاقی وزارت داخلہ اپنی کارکردگی کا بغور جائزہ لے،پیپلزپارٹی

وفاقی وزارت داخلہ اپنی کارکردگی کا بغور جائزہ لے،پیپلزپارٹی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہراب خان سرکی، سردار مقیم خان کھوسو، حاجی عبدالروف کھوسو اور میر عابد سندرانی نے کراچی میں نیا آپریشن شروع کرنے کے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں تمام خرابیوں کی جڑیں صرف کراچی میں ہیں اور پنجاب سمیت ملک کے دوسرے تمام حصوں میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہ کہا ملک کا سب سے سنگین مسئلہ دہشتگردی ہے پورے ملک میں دہشتگردی ہورہی ہے اور بالخصوص صوبہ پنجاب میں مذہبی انتہا پسندی اپنے عروج پر ہے اور یہی مذہبی انتہا پسنداور دہشتگرد صوبہ پنجاب سے نکل کر دوسرے صوبوں میں اپنے اڈے قائم کر رہے ہیں جس کی مثال جیکب آباد میں حالیہ محرم الحرام کے جلوس میں خود کش بم دھماکہ ہے جس میں آرمی پبلک اسکول پشاور کی طرح معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ صوبے میں انتہا پسندی کا قلع قمع کیا جائے مگر اس سلسلے میں اسے وفاقی حکومت کا مطلوبہ تعاون حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بالخصوص وفاقی وزارت داخلہ اپنی کارکردگی کا بغور جائزہ لے اور صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ مذہبی انتہا پسندی اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -