ایکس سروس مین لیگل فورم کا کالاباغ ڈیم کیلئے سیاستدانوں سے رابطے کا فیصلہ

ایکس سروس مین لیگل فورم کا کالاباغ ڈیم کیلئے سیاستدانوں سے رابطے کا فیصلہ
ایکس سروس مین لیگل فورم کا کالاباغ ڈیم کیلئے سیاستدانوں سے رابطے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ایکس سروس مین لیگل فورم کی جانب سے تشکیل کردہ15رکنی سٹیئرنگ کمیٹی نے کالا باغ ڈیم تعمیر کیلئے سیاست دانوں اور صائب الرائے لوگو ں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی چیئرمین سینٹ رضا ربانی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے بھی رابطہ کرے گی، کالا باغ ڈیم کے حوالے سے لیگل فورم کے کنوینئر کرنل(ر) انعام الرحیم نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا پاکستان میں بجلی کی کمی اور دوسری جانب سیلاب کا مسئلہ ہے، پانی نہ ہونے کی وجہ سے خیبر پی کے کے دو غریب ترین اضلاع بنوں اور ڈی آئی خان میں لاکھوں ایکٹر رقبہ قابل کاشت نہیں، اسی طرح پنجاب میں ڈیرہ غازیخان اور چولستان میں بھی یہی صورتحال ہے، سندھ کے زیریں علاقے خیرپور اور گردو نواح کے اضلاع میں پانی کی کمی ہے، کراچی میں بھی پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوا، اس صورتحال میں کالا باغ ڈیم ایک ایسا منصوبہ ہے جس کے ذریعے ایک طرف ہم سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پا سکتے ہیں اور دوسرا پن بجلی جو دنیا میں سستا ترین توانائی کا ذریعہ ہے اس سے ہم بجلی کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں، لیکن کچھ عناصر پراپیگنڈا کرتے ہیں کالا باغ ڈیم سے نوشہرہ ڈوب جائیگا۔ ان عناصر سے سوال ہے 1910 میں نوشہرہ کو جو نقصان ہوا کیا وہ کالا باغ نہ ہونے کی وجہ نہیں تھی؟ انعام الرحیم کا کہنا تھا ایوب کابینہ میں ذوالفقار علی بھٹو بجلی و قدرتی وسائل کے وزیر تھے اور اسوقت بھی انکا یہ خواب تھا پاکستان کی ہر بستی کو بجلی کی سہولت مہیا کی جائے۔ انہوں نے ہی کراچی میں پہلا ایٹمی بجلی گھر قائم کیا۔ بعد ازاں بیرونی دباﺅپر کینیڈا نے بجلی گھر کا ایندھن فراہم کرنے سے انکار کر دیا، اسوقت قومی قیادت میں ایک سوچ پیدا ہوئی دنیا کی طاقتیں ہمیں ایٹمی توانائی سے بجلی نہیں بنانے دیں گی۔ یہی وہ دور ہے جب کالا باغ ڈیم کی ابتدائی سٹڈی مکمل کی گئی۔ آج ہم پیپلز پارٹی سے اس بات کا سوال کرتے ہیں ہر گھر کو بجلی فراہم کرنے کے بھٹو کے خواب کی تعبیر کی جائے۔ عمران خان، فضل الرحمن، سراج الحق، مسلم لیگ (ن)، ق لیگ کی قیادت کھلم کھلا کالا باغ ڈیم کی حمایت کا اعلان کر چکی ہے۔ خان عبدالولی زندگی کے آخری ایام میں کالا باغ ڈیم کی افادیت کے قائل ہو گئے تھے، ہمارے خیبر پی کے کے کو آرڈینیٹر حاجی عدیل، اسفند یار ولی اور دیگر رہنماﺅں سے رابطہ کریں گے اور انکی حب الوطنی سے امید رکھتے ہیں وہ وقت کی ضرورت کو محسوس کریں گے۔

مزید :

قومی -