ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ عوام کیلئے کیا: ریاض الحق جج
اوکاڑہ (آن لائن) نومنتخب ایم این اے ریاض الحق جج نے کہا ہے کہ ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ حلقہ کی عوام کے وسیع ترمفاد میں کیا ہے، شریف برادران کی ملک و قوم کے لئے کی جانے والی جدوجہد میں شامل ہو اہوں ،عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں ن لیگ کو مفاد پرستوں سے نجات دلانا ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا جینا، مرنا، اوڑھنا، بچھونا، حلقہ کی عوام اور ن لیگ کے لئے ہے، کچھ مفاد پرستوں نے ایسے حالات پیدا کر دیئے ہیں کہ مجھے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینا پڑا ایسے حالات میں ہمت اور جذبے کی بدولت آج اس مقام پر پہنچا ہوں اب ہار اور جیت کی پس پشت ڈال کر حلقہ کی عوام کے مسائل حل کرنے میدان میں نکل آیا ہوں اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا جب تک عوامی مسائل کا تدارک نہ ہوسکے۔ ن لیگ کے کارکنوں کو متحد کر کے ضلع بھر میں ن لیگ کی مضبوطی کے لئے اقدام کروں گا اور یہ تب ہی ممکن ہے جب عوام کے بنیادی مسائل حل ہو سکیں گے۔