شہر کے مقامات پر پبلک ٹوائلٹس تعمیر کئے جائیں گے ، منصوبہ بندی مکمل
لاہور (جنرل رپورٹر) مفاد عامہ کے لیے پبلک ٹوائلٹس کا قیام نہ صرف شہروں کی خوبصورتی میں بالواسطہ اضافہ کا باعث ہوتا ہے بلکہ مہذب قوم کا بھی ایک اشاریہ ہے۔ لاہور شہر میں ابتدائی طور پر 9 مقامات پر پبلک ٹوائلٹس کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ 2 کا تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ بقیہ 7 کی تعمیر کے لیے تین ماہ کی ڈیڈ لائن ہے جن پر ایک دو روز میں کام شروع کیا جائے۔ پبلک ٹوائلٹس کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی تھرڈ پارٹی کام کرے گی۔ تحصیل سٹی اور تحصیل ماڈل ٹاؤن کے چار پبلک ٹوائلٹس کو تین ماہ سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار لاہور شہر میں ابتدائی مرحلہ میں 9 مقامات پر پبلک ٹوائلٹس کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور سمیر احمد سید، اے سی ماڈل ٹاؤن، اے سی سٹی، اے سی کینٹ، اے سی رائے ونڈ سمیت آرکیالوجی، اوقاف اور ایل ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 9 مختلف مقامات پر فی پبلک ٹوائلٹس یونٹ میں 4 تا 8 ٹوائلٹس ہوں گے جن کی تعمیر کی ذمہ داری سی اینڈ ڈبلیو کی ہے۔ جن 9 مختلف مقامات پر ٹوائلٹس بنائے جا رہے ہیں ان میں فروٹ و سبزی منڈی موضع بیلا بستی رام، لاری اڈا موضع بیلا بستی رام، کینٹ کورٹ کے باہر نزد پٹرول پمپ، بارہ دری گراؤنڈ میاں میر دربار مصطفی آباد، پارک نزد کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن موضع بھیکھے والے، کینال بنک روڈ نزد چوک نہر والا پل موضع اچھرہ، رائے ونڈ روڈ موضع پاجی(اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کی حدود سے باہر)، نادرہ آفس رائے ونڈ روڈ موضع رائے ونڈ، نزد شیل پٹرول پمپ ڈیال پل اور مین کینال روڈ فتح گڑھ سٹاپ موضع فتح گڑھ شامل ہیں۔